23 سمجھوتے، سی پیک کی اپ گریڈیشن، دوسرا مرحلہ آگے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد / بیجنگ(خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)   وزیر اعظم شہباز شریف کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن اور فیز ٹو پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہبازشریف نے آج بیجنگ کے تاریخی گریٹ ہال آف دی پیپل میں چینی صدر شی جن پنگ سے طویل اور تفصیلی ملاقات کی۔ چینی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ پہلی ملاقات تھی جس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے چین میں پرتپاک استقبال پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار شراکت داری کی توثیق کی اور اسے مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی ، سیکورٹی ، اقتصادی، تجارتی اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور بشمول افغانستان، فلسطین اور جنوبی ایشیا بشمول بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی دلچسپی کے امور پر اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے تحت جاری بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق رائے کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں آگے بڑھانے پر اتفاق رائے کیا۔انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم اور مکمل حمایت پر زور دیا۔صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں  عشائیے کا بھی اہتمام کیا جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کا ایک اور دور ہوا۔چینی میڈیا کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صد شی جن پھنگ کی ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے ، چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے دوست، ہمسائے اور بھائی ہیں، پاکستان اور چین کے سٹریٹجک تعلقات گہرے ہوئے جا رہے ہیں،  چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے دو طرفہ تعلقات  کے فروغ اور خطے کے استحکام کیلئے ساتھ کھڑے ہیں۔  وزیراعظم  شہباز شریف  دورہ چین کے تیسرے مرحلے میں شی آن پہنچ گئے، شانسی صوبے کے بائب گورنر  ، نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ، وزیر اعظم دورہ میں صوبہ کی اعلی قیادت سے ملاقات کرینگے، جدید زراعت  کے  ادارے ، انسٹیٹیوٹ کا دورہ کریں گے۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )  وزیر اعظم شہباز شریف دورہ چین کے موقع پر گریٹ ہال آف پیپل پہنچے جہاں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے دستے کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گریٹ ہال آف پیپل پہنچنے پر چینی وزیراعظم لی چیانگ نے شہباز شریف کا استقبال کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرڑ سمیت دیگر افراد استقبالیہ تقریب میں موجود تھے۔  چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے پاک چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دوستی آزمائش کی ہرگھڑی میں پوری اتری ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری چاہتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی چیانگ سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔گریٹ ہال آف دی پیپل میں چین کے وزیراعظم لی وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعظم لی کیانگ نے شرکت کی۔ تقریب کے دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ویژن ، فلم، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، ، صحت، سماجی، اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم لی چیانگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں سی پیک کی ترقی کے لئے مسلسل عزم اور حمایت کا اظہار کیا اور سی پیک کو اپ گریڈ کر کے مزید تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ویژن، فلم، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر سمیت 23 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ملاقات کے بعد چینی وزیراعظم لی چیانگ نے وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتام کیا۔  وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک میزبانی پرشکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین عظیم اور قابل اعتماد بھائی ہے، چین کی ترقی پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔ وزیراعظم شہبازشریف ظہرانہ میں آئے تو چین کی فوج کے بینڈ نے پاکستانی ملی نغموں کی دھنیں بجانا شروع کیں، دونوں وزرائے اعظم نے تالیاں بجا کر سازندوں کو داد دی ۔جمعہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات کرنا اعزاز کی بات ہے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول دوطرفہ اور علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاک چین سدا بہار سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے اور بڑھتے ہوئے تعاون کی صورت میں سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی ہماری مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت کے بارے میں اچھے تبصروں پر وزیر اعظم لی چیانگ کا شکر گزار ہوں۔وزیر اعظم لی چیانگ کو پاکستان کے دورے کی پْرتپاک دعوت دی۔ شہباز شریف نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڑاؤ لیجی سے ملاقات کی۔  وزیر اعظم نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان منفرد اور خصوصی تعلقات سٹریٹجک اعتماد، مشترکہ نظریات اور عملی تعاون پر مبنی ہیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں، آئی ٹی ، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔دونوں رہنماؤں نے نیشنل پیپلز کانگریس اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن