مقبوضہ کشمیر: گستاخانہ واقعہ کیخلاف مظاہرہ، مجرم طالب علم کو کڑی سزا دی جائے: حریت کانفرنس

Jun 08, 2024

سرینگر (این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حر یت کانفرنس نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں پیش آنے والے گستاخانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی مسلمان ایسے فعل کو ہرگز برداشت نہیں کرسکتا۔ سرینگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایک غیر مقامی ہندو طالب علم نے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں گستاخانہ خاکے سوشل میڈیا پر اب لوڈ کیے تھے۔ واقعے کے خلاف گزشتہ روز کالج کے طلباء اور ڈاکٹروں نے زبردست مظاہرہ کیا اور مجرم طالب علم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند رہنما مولوی بشیر احمداندرابی ،محمدیوسف نقاش، مولانا مصعب ندوی، فریدہ بہن جی،فیاض حسین جعفری ،سبط شبیر قمی اور حفضہ بانونے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ توہین آمیز واقعے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں، ایس واقعات مسلمانوں کیلئے کسی صورت قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی تعظیم و تکریم ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ،اس طرح کی گستاخانہ حرکات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔  انھوںنے کہا کہ بھارتی ہندوتوا حکومت کشمیر ی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو آئے روز ایک سوچے سمجھے منصبوبے کے تحت مجروح کرنے کی کوششیں کررہی ہے ،  بی جے پی حکومت نے مسلم دشمنی میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔

مزیدخبریں