نکاح جیسی مقدس سنت کو نمودونمائش کی اندھی تقلید نے اذیت ناک بنا دیا: عظمیٰ بخاری  

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نکاح کی مقدس سنت انتہائی سادگی اور محدود انداز میں بھی کی جاسکتی ہے۔ معاشرتی نمودونمائش کی اندھا دھند تقلید نے اس سنت کی ادائیگی کو سفید پوش خاندانوں کے لیے انتہائی مشکل اور اذیت ناک بنادیا ہے اور ایسے وقت میں اس سنگین معاشرتی مسئلہ کو حل کرنے میں کوشاں مہر ویلیفئر سوسائٹی انجمن الراعی پاکستان جسے ادارے مبارک باد اور ستائش کے حقدار ہیں جو کم وسائل رکھنے والی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے تمام انتظامات اور اخراجات کے ساتھ ان کی باعزت رخصتی کی اجتماعی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار مہر ویلفیئر سوسائٹی انجمن الراعی پاکستان کے زیراہتمام 100 مستحق اور غریب بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دھوم دھام، نمودونمائش اور اسراف کے ساتھ شادیاں سیاسی سے زیادہ معاشرتی مسئلہ ہے اور معاشرے کے سر کردہ افراد کو سادگی کے ساتھ اس سنت کی ادائیگی کو فروغ دینا ہو گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا 100دنوں میں پنجاب حکومت کے کارناموں کی لمبی فہرست ہے اور پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 297صوبائی حلقوں میں سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے جبکہ بہت جلد صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنا شوق پورا کرلیں، جب اسمبلیوں میں تھے تو تب بھی حکومت نہیں چلنے دیتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن