عید: مارکیٹیں رات 12 بجے تک اوپن، جمعہ، ہفتہ، اتوار ایک بجے تک کھولنے کا حکم

Jun 08, 2024

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے آج سے عید الاضحیٰ تک مارکیٹوں کے اوقات بڑھانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جمعہ، ہفتہ، اتوار کو مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھلی رہیں گی۔ ہفتے کے دوسرے دنوں میں رات 12 بجے تک مارکیٹیں کھلی رہیں گی۔ عدالت نے درخواستوں پر  14  جون کو عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے محکمہ ایریگیشن کو باغ جناح کا موہگہ کھولنے کا حکم دیدیا۔ عدالت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے رپورٹ پیش کردی گئی۔ رپوٹ کے مطابق 46670 کلو مردہ مرغی کا گوشت پکڑا، مردہ مرغی گوشت پر 94 ایف آئی آر درج کی گئیں، مردہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں کو دو کروڑ 25 لاکھ 43 ہزار جرمانہ کیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے اور چیکنگ کی گئی۔ درخواست گزاران نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے سموگ بڑھ رہی ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہا ئی  خطرناک ہے، عدالت سموگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں