چیئرمین سی ڈی اے کا الیکٹرک بسوں کیلئے چارجنگ پوائنٹ کا دورہ 

اسلام آباد(وقائع نگار)چئیرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے جمعہ کی علی الصبح کنونشن سینٹر میں الیکٹرک بسوں کے لئے بنائے گئے چارجنگ پوائنٹ کا دورہ کیا. اس موقع پر سی ڈی اے کے دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے.چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے منگوائی گئی جدید الیکٹرک بسوں کا معائنہ کیا اور خود بس چلا کر ٹیسٹ ڈرائیو بھی کی.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد بس سروس منصوبے کے لئے 160 میں سے 30 الیکٹرک بسیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں. ابتدائی طور پر 30 الیکٹرک بسیں دو روٹس پر چلائی جائیں گی. ایک روٹ نسٹ، اورنج لائن ڈپو، G-11 سے پمز ہسپتال تک ہوگا. پہلا روٹ 13 سٹاپس پر مشتمل ہوگا اور ہر دس منٹ بعد سٹاپ پر بس پہنچا کرے گی. دوسرا روٹ پمز سے شروع ہوکر بری امام تک ہوگا.  یہ سروس صبح 6 بجے تا رات 10 بجے تک استعمال کی جاسکے گی.بعد ازاں چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے H-9 میں تعمیر کئے جانے والے بس ڈپو کا بھی دورہ کیا. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایچ نائن بس ڈپو کی تعمیر 30 جون تک ہر صورت مکمل کی جائے. 

ای پیپر دی نیشن