راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے تحت کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے پورٹل 24 گھنٹے فعال ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کسان کارڈ کی رجسٹریشن سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران اب تک 53 ہزار سے زائد کاشتکار وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔کسانوں کی آسانی کے لیے بذریعہ ایس۔ ایم۔ ایس الرٹ وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کی فراہمی بارے معلومات پہنچائی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے 5 لاکھ کاشتکار اس سکیم سے استفادہ حاصل کریں گے۔اس سکیم کے تحت فی کسان ڈیڑھ لاکھ روپے تک بلا سود زرعی قرضہ حاصل کر سکے گا۔کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے نادرا، پی۔ ایل۔ آر۔ اے، پی۔ ایم۔ ڈی اور پی۔ آئی۔ ٹی۔ بی کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 30 جون تک فرٹیلائزر ڈیلرز اور سیڈ ڈیلرز کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے۔