اسلام آباد (رائیٹر) ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو دو لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد سے متعلق 8 ٹینڈر موصول ہو چکے ہیں جس میں سب سے کم قیمت بولی امریکن انویسٹ منٹ گروپ نے 599.8 ڈالر فی ٹن کی دی ہے۔ یہ ٹینڈر ایک لاکھ 50 ہزار ٹن چینی فراہم کرنے سے متعلق ہے۔ اتوار کو ٹی سی پی کے ذرائع نے بتایا کہ موصول ہونے والے ٹینڈروں پر حتمی فیصلہ (آج) پیر کو متوقع ہے یا پھر ایک دن بعد منگل کو غور و خوض کے بعد فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ موصول ہونے والے ٹینڈروں میں سب سے زیادہ بولی 726.47 ڈالر فی ٹن بونیج ایس اے کمپنی نے دی ہے۔ ذرئع نے کہا کہ پاکستان کو 1.2 ملین ٹن چینی فوری طور پر درکار ہے تاکہ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو استحکام میں لایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ مزید 5 لاکھ ٹن چینی کی درآمد سے متعلق ٹینڈرز مئی کے وسط مین جاری کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے کہا کہ 6 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد سے متعلق متحدہ عرب امارات سے قیمتوں میں کمی کےلئے مذاکرات کئے جا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ تک معاملات طے پا جائیں گے۔