”ریاستی الیکشن میں شکست“ منموہن حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑیگا: سونیا گاندھی

نئی دہلی (اے ایف پی‘ بی بی سی) بھارتی حکمران جماعت کانگرس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو درست کرنا ہو گا۔ ریاستی انتخابات میں کانگرس کی عبرتناک شکست پر وزیراعظم منموہن سنگھ کا دفاع کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بیٹھ کر حالات اور نتائج کا تجزیہ کرنا ہو گا۔ ہر الیکشن ہمارے لئے ایک سبق ہے۔ نتائج کا حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہار کی ایک نہیں بہت سی وجوہات ہیں‘ امیدواروں کا انتخاب بھی ان میں سے ایک ہے۔ ہمارے امیدواروں سے لوگ خوش نہیں تھے۔ سونیا گاندھی نے یہ بات تسلیم کی کہ ریاست پنجاب میں پارٹی کی شکست ایک بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض کوتاہیاں ہوئی ہیں اور آئندہ آنے والی ریاستوں کے انتخابات سے قبل انہیں درست کر لیا جائے گا۔ ادھر ریاست اترپردیش کی وزیراعلیٰ مایاوتی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہیں ریاست میں شکست فاش ہوئی ہے۔ اپنی شکست کے بعد پہلی بار بدھ کو لکھنو میں ایک نیوز کانفرنس میں انہوں نے اپنی ہار کیلئے کانگریس‘ بی جے پی اور مسلمانوں کو ذمہ دار بتایا۔ بھارت میں پانچ ریاستوں کی اسمبلیوں کے مکمل انتخابی نتائج آنے کے بعد نئی حکومتوں کی تشکیل کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ سیاسی اعتبار سے سب اہم ریاست اترپردیش میں ملائم سنگھ یادو کی سماج وادی پارٹی نے دو سو چوبیس سیٹیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی ہے۔ مبصرین کے مطابق بدعنوانی کے باعث کانگریس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر دی نیشن