لاہور (سپورٹس رپورٹر) گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کو دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دے دیا ہے، یوتھ فیسٹیول میں چار ہزار طالبعلموں کی طرف سے مل کر ایک اعشاریہ چار کلومیٹر لمبی دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ بنانے سمیت تیس نئے ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کئے جائیں گے۔ باغ جناح میں بات چیت کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار پانے پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مرتبہ میراتھن میں ایک لاکھ سے زائد شرکاءہوں گے۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ محمد عثمان انوربھی موجود تھے۔ رانا مشہود نے کہاکہ اتنا بڑا یوتھ فیسٹیول ایک خواب تھا جو تعبیر بن کے سامنے آ گیا کہ کھیل کے میدان میں ایک بنیاد رکھ دی گئی ہے حالانکہ اسے ناممکن سمجھا جا رہا تھا۔ گذشتہ برس اگست میں شروع ہونےو الے یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب بارہ مارچ کو ہو گی۔ رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ میٹرو منصوبے کی وجہ سے لاہور کے تباہ ہونے والے کھیل کے میدان بحال کروائے جائیں گے۔