پشاور (اے پی اے ) طالبان نے اسلامیہ کالج پشاور کے مغوی وائس چانسلر اجمل خان کی نئی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ 2منٹ 30 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل ویڈیو پشتو زبان میں ریکارڈ کی گئی، کچے مکان کی دیوار کے ساتھ کھڑے اجمل خان ضعیف نظر آ رہے ہیں۔ وائس چانسلر اجمل خان نے اپیل کی ہے کہ خدارا میری رہائی کےلئے طالبان کے مطالبات مان لئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان، وزیر اعلی خیبر پی کے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، اسفند یار ولی خان اور یونیورسٹی کے طلباءسب ملکر میری رہائی کےلئے کوششیں تیز کریں۔ تفصیلات کے مطابق 2منٹ 30 سیکنڈ پر مشتمل یہ ویڈیو پشتو زبان میں ہے جس میں مغوی وائس چانسلر اجمل خان نے حکومت پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سے رہائی کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے گرفتار تین ساتھیوں کو بھی فوری طور پر رہا کرے۔ اسلامیہ کالج پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر کو 2010 میں گھر سے دفتر جائے ہوئے اغوا کیا گیا تھا۔ طالبان نے ان کی رہائی کیلئے پچاس کروڑ روپے اور تین ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔