لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نگران وزیرا عظم کےلئے جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد اور جسٹس (ر) شاکر اللہ جان پر اتفاق ہے، اپوزیشن لیڈر چودھری نثار کے کہنے پر مشاورت کےلئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عارف علوی سے رابطہ کیا ہے اور جو بھی جواب آئیگا اس سے آگے آگاہ کر دینگے‘ پاکستان میں القاعدہ نہیں بلکہ بے قاعدہ مسئلہ ہے اور ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کےلئے انتخابات ناگزیر ہیں‘ جو لوگ ہمارے ایجنڈے کے قریب تر ہونگے ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ جماعت اسلامی نے حقوق نسواں سے متعلق منشور بھی جاری کر دیا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آ کر خواتین کو مکمل حقوق دیں گے۔ موجودہ حالات میں ملک کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے‘ کرپشن‘ لوٹ مار‘ توانائی بحران‘ بیروزگاری سمیت دیگر مسائل عروج پر ہیں۔ پاکستان میں جب بھی انتخابات کے دن قریب ہوتے ہیں اسٹیبلشمنٹ‘ بیرونی ہاتھ اور جمہوریت کو اپنے تابع رکھنے کی خواہشمند قوتیں بے یقینی کی فضا قائم کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اب میں عدلیہ مضبوط ہے کسی کو شب خون نہیں مارنے دیں گے، تمام خدشات سے نمٹنے کا واحد حل صرف انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لشکری جھنگوی اور القاعدہ اس ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ بے قاعدہ مسئلہ ہے۔ سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن 62‘ 63 پر عملدرآمد کرائے اور سیاسی جماعتیں ایسے لوگوں کو ٹکٹ نہ دیں جن کا ماضی داغدار ہو۔ دریں اثناءجماعت اسلامی نے تحفظ حقوق نسواں کےلئے منشور کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ عورت کو معاشی استحصال سے بچانے کے لئے عائلی معاملات کیلئے قانون سازی کی جائےگی، والدین، شوہر اور دیگر رشتہ داروں سے عورت کو شرعی حق دلوایا جائےگا، مہر کی رقم مرد کی معاشی حیثیت کے مطابق نہ صرف مقرر کی جائے بلکہ ادائیگی کا اہتمام بھی کیا جائیگا بصورت ناراضگی یا تفریق، دوران رضاعت اور دوران عدت اخراجات دلوانے کے لئے قانون سازی کی جائےگی، ان کے گھروں کے قریب ملازمت کی کوشش کی جائےگی جبکہ مخصوص ”لیڈیز ٹرانسپورٹ سسٹم“ متعارف کرایا جائےگا، اغوا شدہ، مجبور اور حالات سے تنگ آکر پناہ گاہ کی تلاش میں نکلنے والی عورتوں کو ”خصوصی بحالی مراکز“ میں پناہ دی جائے گی اور متعلقہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلانے کے ساتھ انہیں ”ناپسندہ“ قرار دیا جائیگا۔ یہ اعلان لیاقت بلوچ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور پریس کلب محمد انور نیازی، ڈاکٹر رخسانہ، عافیہ سرور اور ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی، قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔