لاہور (لیڈی رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کا عالمی دن آج ( ہفتے کو) منایا جارہا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد خواتین کو مختلف شعبوں میں درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور انکو آئین کے مطابق حقوق اور اہمیت دینے کے حوالے سے لوگوں کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، مباحثے، مذاکرے اور واکس کا اہتمام کیا جائیگا۔ دریں اثناء خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان خواتین کیخلاف ہر قسم کے استحصال کے خاتمہ کے کنونشن پر حقیقی معنی میں عمل کر رہا ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں یقینی بنانا حکومت اور عوام کی مضبوط شراکت داری کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا یہ دن خواتین کے مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور پائیدار ترقیاتی عمل میں انکے اہم کردار کو اجاگر کرنے کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے مذہب اور آئین میں خواتین اور انکے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔ خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی سمیت کئی اقدامات اٹھائے گئے اور انکی سماجی و اقتصادی بہبود اور انہیں با اختیار بنانے کیلئے کی جانیوالی کوششیں خواتین کے کاز کے حوالے سے ریاست کے عزم کی عکاس ہیں۔ صدر کی اہلیہ بیگم محمودہ ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام نے 1400 سال پہلے خواتین کو باعزت مقام دیا، اللہ نے بحیثیت ایک خاتون ہمیں جن نعمتوں سے نوازا ان پر ہمیں اللہ کا شکر کرتے ہوئے قناعت اختیار کرنی چاہئے۔ علاوہ ازیں اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف نے کہا کہ پاکستانی خواتین آج تمام زندگی کے شعبوں میں حصہ لے رہی ہیں بلکہ ان میں سے کئی نے عالمی سطح پر بھی اپنے شعبوں میں نام کمایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی کی گئی اور حکومت اس حوالے سے مسلسل اصلاحات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن ہمیں سماجی، معاشی، سیاسی اور دیگر شعبوں میں خواتین کی کامیابیوں کو عالمی اور ملکی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو تعلیم، صحت اور روزگار کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے رویوں اور خیالات میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا اور کارپوریٹ سیکٹر میں خصوصاً خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ملک کا ہر میدان میں نام روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان بنیادی انسانی حقوق، احترام ، برابری پر یقین رکھتی ہے۔ وہ خواتین پر تشدد اور انکے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیخلاف اور مردوں اور عورتوں کے یکساں حقوق اور امتیاز کے بغیر مساوی انصاف کی علمبردار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مضبوط اور عالمی برادری میں باوقار ملک بنانے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کی سیاسی اور عملی میدان میں مؤثر شمولیت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری ملازمتوں میں نہ صرف خواتین کے کوٹے میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا بلکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ صوبائی حکومت نے پہلی بار میاں اور بیوی کو سرکاری سکیم کے تحت ملنے والی رہائشی اراضی کے مشترکہ مالکانہ حقوق دیئے۔