لاہور (نیوز رپورٹر) پانی اور پن بجلی کے اہم منصوبوں کیلئے مالی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت کے طور پر یو ایس ایڈ نے کرم تنگی پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیر کیلئے واپڈا کو 8کروڑ 10لاکھ ڈالر گرانٹ مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔کرم تنگی ڈیم وفاقی حکومت کی سستی پن بجلی پیدا کرنے اور زرعی مقاصد کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ آبپاشی کیلئے کے ٹو ویئر اور پن بجلی کیلئے پاور ہائوس کی تعمیر پر مشتمل ہے، جو دو سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ پہلے مرحلے کی تکمیل پر 16 ہزار 380 ایکڑ اراضی زیرکاشت آئے گی اور 19 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ 48 ہزار 500 لوگوں کو روزمرہ استعمال کیلئے پانی کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ منصوبہ کے پہلے مرحلے سے فوائد کا اندازہ ڈیڑھ ارب روپے سالانہ ہے۔کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ شمالی وزیرستان میں تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ کرم تنگی ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 12 لاکھ ایکڑ فٹ ہے جس سے 3 لاکھ 63 ہزار ایکڑ زمین زیرکاشت لائی جائے گی۔ کرم تنگی ڈیم کے دونوں مراحل کی تکمیل سے مجموعی طور پر 83اعشاریہ 4 میگاواٹ پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔
کرم تنگی ڈیم: یو ایس ایڈ پہلے مرحلے کیلئے 8کروڑ 10لاکھ ڈالرگرانٹ دے گا
Mar 08, 2014