لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیلئے سرکاری اہلکاروں کو ریٹرننگ افسر مقرر کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن طلب کر لیا۔ مسٹرجسٹس شاہد وحیدنے تحریک انصاف پنجاب کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 22 میں ترمیم کر دی ہے جس کے تحت اب کسی بھی سرکاری اہلکار کو بلدیاتی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام آئین کی خلاف ورزی ہے جبکہ حکومت سرکاری افسران کے ذریعے بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے لہٰذا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 22 کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے نفاذ کے حوالے سے جاری نوٹیفیکیشن طلب کرتے ہوئے سماعت 10مارچ تک ملتوی کر دی۔