امریکہ منگلا ڈیم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے امداد دے گا، معاہدے پر دستخط

Mar 08, 2014

اسلام آباد (ثناء نیوز) امریکہ اور پاکستان نے 7کروڑ 20لاکھ ڈالر کی لاگت سے میر پور آزاد کشمیر میں واقع منگلا ڈیم کی تزئین اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے منصوبے پر دستخط کئے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل سے دو لاکھ پاکستانی گھرانوں کی بجلی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ اس منصوبے کیلئے  15کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں سے 7کروڑ 20لاکھ ڈالر پہلے مرحلے پر خرچ ہونگے۔ یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر گریگوری گوٹلیب اور چیئرمین واپڈا سید راغب شاہ نے ایڈوانس انجینئرنگ ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل دفتر میں اس منصوبے پر دستخط کئے۔ گریگوری گوٹلیب نے کہا کہ منگلا ڈیم کی مرمت ان کاوشوں کو آگے بڑھاتی ہے جن کاآغاز امریکہ نے 1960ء میں منگلا ڈیم کی تعمیر کیلئے رقم فراہم کر نے سے کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو علم ہے کہ پاکستان کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور ہم اس بحران کے خاتمے کیلئے اپنی طرف سے کوششیں جاری رکھیں گے۔ چیئرمین واپڈا راغب شاہ نے کہا کہ واپڈا نے منگلاڈیم کی استعدادکار کو 1000میگاواٹ سے 1310میگاواٹ تک بڑھانے کیلئے اس کے پاور ہائوس کی اپ گریڈیشن شروع کر رکھی ہے۔ مجموعی طور پر  امریکہ کے توانائی پروگرام کی بدولت پاکستان میں 1088 میگاواٹ بجلی پیدا کر کے سسٹم میں شامل کی گئی ہے جو ایک کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔

مزیدخبریں