ایل این جی ری گیسی فیکیشن کے لیے اینگرو اور امریکی کمپنی میں معاہدہ

Mar 08, 2015

کراچی (کامرس رپورٹر) ایل این جی ری گیسی فیکیشن کے لیے اینگرو کا امریکی کمپنی سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ایل این جی ری گیسی فیکیشن شپ10 مارچ کو کراچی پہنچ جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر اینگرو ایل این جی کمپنی عمران الحق کے مطابق پورٹ قاسم میں ایل این جی ٹرمینل مقررہ وقت سے قبل تعمیر کرلیا گیا ہے۔ ایل این جی کی ری گیسفکیشن کیلئے اینگرو نے امریکی کمپنی ایکسیلیریٹ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ ایکسیلیریٹ کمپنی کا ایل این جی فلوٹنگ سٹوریج اینڈ ری گیسیفکیشن شپ 7مارچ کو دبئی سے روانہ ہوگا۔ دس مارچ کو پورٹ قاسم کراچی پہنچے گا۔ اینگرو ایل این جی کمپنی نے وزارت پٹرولیم کو آگاہ کردیا۔حکومت کے ساتھ معاہدے کے مطابق ابتدائی طور پر 20 کروڑ کیوبک فٹ گیس سپلائی کی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق یکم اپریل سے 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر یومیہ ایل این جی کپیسیٹی پے منٹ کا نفاذ ہوجائے گا۔ حکومت 31 مارچ تک ایل این جی نہ لاسکی تو پھر بھی معاہدے کے مطابق سوئی سدرن اینگرو کمپنی کو یومیہ بنیاد پر ادائیگی کی پابند ہوگی۔ قطر گیس کی ٹیم نے ٹرمینل پر سیکورٹی انتظامات کا آڈٹ مکمل کرلیا ہے۔ عمران الحق کے مطابق ایل این جی کی درآمد شروع ہونے سے ملک میں جاری توانائی بحران میں کمی ہوگی اور عالمی کمپنیوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوسکے گا۔

مزیدخبریں