واشنگٹن (رائٹر+ اے ایف پی) امریکی صدر بارک اوباما اور انکی فیملی کے ارکان کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے سے تھوڑی دیر قبل وائٹ ہائوس کے جنوبی لان میں زوردار دھماکہ بنا گیا۔ دھماکے کی آواز پر سیکرٹ سروسز ایجنٹس واپس پریس بریفنگ روم میں آ گئے اور دروازے بند کرلئے، وائٹ ہائوس کو بند کر دیا گیا۔ وائٹ ہائوس کے قریب خوراک والی ایک گاڑی کو آگ لگ گئی جسے آگ بجھانے والے عملے نے بجھا دیا۔ یہ واضح نہیں کہ دھماکہ آگ لگنے کے باعث ہوا یا کسی اور وجہ سے۔ دھماکہ کی آواز اس وقت آئی جب اخبار نویس صدر اوباما اور انکی اہلیہ مشیل کی سیلما (الباما) روانگی کا انتظار کر رہے تھے۔ یہ دھماکہ ان کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے سے قبل ہوا۔ صدر اوباما اور انکی اہلیہ تاریخی مارچ کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں جانا چاہتے تھے۔ خفیہ سروس ایجنٹس نے دھماکے کی آواز پر صحافیوں کو واپس بریفنگ روم میں بھیجا اور دروازے لاک کر دیئے۔