اسلام آباد (آن لائن) میٹرو بس پراجیکٹ میں 1.2 ارب روپے کی مالی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے اور یہ رقم پراجیکٹ کنسلٹنٹ کو غیرضروری طور پر ادا کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کمشنر راولپنڈی اور چیئرمین میٹرو پراجیکٹ حنیف عباسی کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بتایا کہ وہ پراجیکٹ کنسلٹنٹ نیسپاک کو انتہائی غیرمعمولی فیس (2 فیصد پراجیکٹ لاگت) کی تحقیقات کریں۔ واضح رہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنے ایک خط میں 1.2 ارب روپے کی بے ضابطگی کا ذکر کیا تھا جو نیسپاک کو ادا کی گئی اور نیسپاک نے غلط فزیبلٹی رپورٹ تیار کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جب اس حوالے سے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ایک شفاف پراجیکٹ ہے اور پراجیکٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر تمام ٹینڈرز کی تفصیلات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی شکایت اگر سچی ثابت ہوئی اور کوئی خامی پائی گئی تو سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی میں 1.2 ارب کی بے ضابطگی:میڈیا رپورٹ، ٹرانسپرنسی کا اظہار تشویش
Mar 08, 2015