بھارت دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ رہا ہے، فوج کی موجودگی میں ملک کو کچھ نہیں ہو گا: مشرف

Mar 08, 2015

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر مشرف نے کہا ہے کہ میں فوجی عدالتوں کا حامی ہوں، پاکستان کی سکیورٹی کو مزید مضبوط کیا جائے، جو لوگ مجھ پر غداری کا الزام لگاتے ہیں وہ خود آرٹیکل6 پڑھ لیں۔ مجھ پر جتنے الزامات لگائے جا رہے ہیں سب غلط ہیں۔ کسی ملک کو برباد کرنا ہو تو اس میں فسادات کرائے جاتے ہیں۔ میں نے فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا، فوج کی موجودگی میں ملک کو کچھ نہیں ہو سکتا۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ میری حکومت آئیگی اور سب مسائل حل ہوجائیں گے، ملک میں بہت سارے مسائل ہیں، طاقتور حکومت ہونی چاہئے۔ زیادہ صوبے ملک کے مفاد میں ہیں، آئین کو بچانے کے چکر میں ملک کو تباہ کرتے جا رہے ہیں۔ ہم ملک کو آئین سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، پچھلے 40 برس سے 2 پارٹیاں ہی باری باری کھیل رہی ہیں، دونوں پارٹیاں پاکستان کا ستیاناس کر چکی ہیں۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتا ہوں، بھارت بھی پاکستان کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ رہا ہے اور بھارت پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے ہا ہے۔

مزیدخبریں