جسٹس (ر) افتخار چودھری کو بلٹ پروف گاڑی دینے کے عدالتی حکم کیخلاف وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ

Mar 08, 2016

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ سابق چیف جسٹس کو سیکورٹی خدشات پر وزیر اعظم نے صرف تین ماہ کے لئے بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کی منظوری دی جس کے فیول سمیت دیگر اخراجات اِنہوں نے خود برداشت کرنا تھے۔ خیال تھا کہ اس عرصے کے دوران وہ اپنی سکیورٹی کا بندوبست کر لیں گے مگر عدالت نے لامحدود مدت کے لئے گاڑی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ بلٹ پروف گاڑی پر اب تک 40 لاکھ روپے کے اخراجات آ چکے ہیں۔ سابق چیف جسٹس سے بلٹ پروف گاڑی واپس لینے سے عدلیہ کی آزادی کیسے متاثر ہو سکتی ہے یہ صرف عدلیہ کی آزادی ہی نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی کی بھی بات ہے۔
فیصلہ محفوظ

مزیدخبریں