اسرائیلی ریاستی ”دہشتگردی“ جاری‘ رملہ میں 3 فلسطینی نوجوان زخمی‘ الخلیل سے 3 اغوا

Mar 08, 2016

رملہ + مقبوضہ بیت المقدس (اے این این) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر کے مغرب میں واقع دیہات بیت سیرا میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں 3 فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے جبکہ تین دیگر فلسطینیوں کو الخلیل سے اغوا کرلیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بیت سیرا پر دھاوا بول دیا اور وہاں کے مقامی نوجوانوں سے جھڑپیں شروع کر دیں۔ تین نوجوان ربڑ کی گولیاں لگنے کے نتیجے میں زخمی ہو گئے جبکہ دیگر کئی افراد کو آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے سانس لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے الجبری کے علاقے سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں ایک نوجوان کے پاس سے بندوق برآمد ہوئی ہے۔قبل ازیں فلسطینی نوجوانوں نے علاقہ پر دھاوا بولنے والے فوجیوں پر پتھروں اور پٹرول بموں کی بارش کر دی جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ پاﺅں پھول گئے۔ الرام قصبے کو ایک دیوار کے ذریعے مشرقی بیت المقدس سے علیحدہ کئے جانے کے بعد الرام قصبے میں مسلسل جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔ ادھر عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے فلسطینی وزیر خارجہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ دو ہفتے قبل بلغاریہ کے فلسطینی سفارتخانے میں قتل ہونے والے عمر نائف کی موت کی تحقیقات کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوامی محاذ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن ایاد عواد اللہ نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی سفارتخانوں اور ان کے جڑے کرپشن اور قید کے کیسز کی فائل کھولی جائے۔ دوسری طرف جنونی اسرائیلی شدت پسندوں کے گروپ نے اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری کی حفاظت تلے گزشتہ روز مسلمانوں کے مقدس قبلہ اول، مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ یہ حملہ مغاربہ گیٹ کے ذریعے سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پرامن مسلمان نمازیوں نے دھرنا دیتے ہوئے اللہ اکبر کے نعرے بلند کئے۔
اسرائیل

مزیدخبریں