نئے کرکٹ قوانین ‘ غیر مہذب کھلاڑی میدان بدر ہونگے‘ امپائروں کو اختیار مل گیا

Mar 08, 2017

لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر))کرکٹ کے قوانین مرتب کرنے والے میری لیبون کرکٹ کلب نے کرکٹ کے بلوں کا سائز محدود کرنے کے ساتھ ساتھ امپائروں کو غیرمہذب کھلاڑیوں کو میدان بدر کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔میریلیبون کرکٹ کلب نے اعلان کیا کہ بلوں کی پیمائش ایک خصوصی آلے سے کی جائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بلے کی چوڑائی 108 ملی میٹر، گہرائی 67 ملی میٹر اور کونے 40ملی میٹر کے ہوں گے۔ایم سی سی نے ایک نیا قانون متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب امپائر کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ کھیلوں کے دوران بدتہذیبی یا برا رویہ اختیار کرنے والوں کو وقتی طور پر یا مستقلاً میدان سے باہر بھیج دیں گے۔یاد رہے کہ بلے کے بڑھتے ہوئے سائز پر ایم سی سی کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے کہ وہ کھیل میں بلے بازوں کیلئے آسانیاں اور باؤلرز کیلئے مشکلات پیدا کر کے عدم توازن پیدا کر رہا ہے۔امپائروں کو دیے گئے نئے اختیار کے تحت خراب رویے کے حامل کھلاڑیوں کو وارننگ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ٹیم کے خلاف 5رنز کی پینالٹی بھی کی جا سکے گی جبکہ امپائرز کے پاس کھلاڑی کو میدان بدر کرنے کا صوابدیدی اختیار بھی ہو گا۔اگر کوئی کھلاڑی بہت زیادہ اپیلیں کرے یا امپائر سے خراب رویہ اختیار کرے گا تو اسے متنبہ کیا جائے گا جبکہ کسی کھلاڑی کی جانب گیند پھینکنے یا پھر جان بوجھ کر کسی کھلاڑی سے ٹکرانے پر پانچ رنز کی پینالٹی عائد کر دی جائے گی۔تاہم کسی کھلاڑی نے امپائر کو دھمکی دی یا کوئی اشتعال انگیز حرکت کی تو اس کے نتیجے میں اسے میدان سے باہر بھیج دیا جائے گا۔ایم سی سی کے کرکٹ کے سربراہ جان سٹیفن نے کہا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ کھلاڑیوں کے خراب رویے کے خلاف سزائیں متعارف کرائی جائیں کیونکہ ریسرچ سے یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ گراس روٹ سطح پر متعدد امپائر کھلاڑیوں کے خراب رویے کے سبب کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ان نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد ان کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

مزیدخبریں