نئی دہلی (اے این این) بھارتی فوج کے ایک اور جوان نے فوج میں شرمناک اردلی نظام اور سپاہیوں کے ساتھ افسروں کے غیر انسانی سلوک کا پردہ چاک کردیا ¾ آرمی میڈیکل کور کے سپاہی سندھاوجوگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویٹرن جوان نامی فیس بک پیج پر پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو میں جوگی داس کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ دفاعی بجٹ رکھنے والی بھارتی فوج کی شان صرف دکھاوا ہے۔ کچھ افسران نے جوانوں کو غلام بنارکھا ہے، جوانوں کوسب سے گھٹیا کھانا دیا جاتا ہے اور کھانا بھی دیا جاتا ہے تو زندہ رہنے کےلئے، ضرورت کےلیے نہیں۔ فوج میں بہت کچھ غلط ہورہا ہے، ہمیں فوج کے اندر آپس میں لڑنا پڑتا ہے، کب تک برداشت کرتے رہیں گے۔ جو منہ کھولتا ہے، مارا جاتا ہے۔ویڈیو میں جوگی داس کا کہنا تھا کہ اس نے بھارتی وزیراعظم اور وزیر دفاع کو سپاہیوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی سے متعلق ایک سال تک خط لکھے لیکن اس کی شنوائی نہیں ہوئی بلکہ فوجی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اسے اردلی ( سہائک )کی شرم ناک ڈیوٹی پر لگادیا گیا جبکہ اس پورے عرصے میں اسے مسلسل ہراساں بھی کیا جاتا رہا۔