واشنگٹن (آن لائن+ + صبا ح نیوز+اے ایف پی + بی بی سی) امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنو بی کوریا میں متنازعہ اینٹی بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم (تھاڈ) لگانا شروع کر دیا ہے۔ اس دفاعی نظام ’تھاڈ‘ کو شمالی کوریا کی جانب سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے لگایا جا رہا ہے۔ یاد رہے امریکہ کی جانب سے اس سسٹم کو لگانے کا آغاز شمالی کوریا کی طرف سے بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میزائل فائر کرنے کے ایک دن بعد کیا جا رہا ہے۔تاہم امریکہ کے دفاعی نظام لگائے جانے پر شمالی کوریا، جنوبی کوریا اور خطے میں موجود بہت سے عناصر نالاں ہیں۔چین اس پیش رفت پر بہت برہم ہے اور وہ اسے امریکی فوج کی تجاوزات کے طور پر دیکھ رہا ہے جبکہ خود جنوبی کوریا میں اس کی مخالفت کرنے والے سمجھتے ہیں کہ اس سے فوجی تنصیبات کے قریب رہنے والے نشانہ بن سکتے ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ جنوبی کوریائی خبر رساں ادارے یونہپ کے مطابق تھاڈ بیٹری کو نصب کرنے کا کام پیر کو شروع ہوا۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم رواں برس کے آخر تک کام کرنا شروع کر دے گا۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔اس نظام کے ذریعے درمیانے فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بییسٹک میزائل کو اس وقت مار گرایا جا سکتا ہے جب وہ اپنی پرواز کے آخری مرحلے میں ہوتا ہے۔ کسی بھی ٹیکنالوجی مثلاً جنگی ہتھیاروں کو بھی تباہ کر سکتا ہے۔یہ نظام 200 کلومیٹر تک کے فاصلے میں کام کرتا ہے اور 150 کلومیٹر بلندی تک پراثر ہوتا ہے۔اس سے قبل امریکہ نے اس نظام کو گوام اور ہوائی میں بھی نصب کیا تھا جس کا مقصد شمالی کوریا کے ممکنہ حملوں سے بچنا تھا۔
جنوبی کوریا میں امریکی اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کی تنصیب شروع
Mar 08, 2017