لاہور (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے سربراہ نے بھی تصدیق کردی ہے کہ ان کے ادارے کو برما کی ریاست راخائن میں اگست 2017 ء سے لے کر اب تک وسیع پیمانے پر روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی اطلاعات ملی ہیں۔ کونسل کے سربراہ زید راعد الحسین نے جنیوا میں بتایا کہ اگست میں برمی فورسز کے راخائن میں آپریشن شروع کرنے کے بعد 7 لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں نے اس ریاست کو چھوڑ کر بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں پناہ لی۔ برمی فورسز نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے ثبوت مٹانے کیلئے اجتماعی قبروں کو بلڈوزروں کے ذریعے ملیا میٹ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ راخائن میں نسلی اور مذہبی بنیادوں پر روہنگیا مسلمانوں کا صفایا اب بھی جاری ہے۔ اب بھی مہاجرین وہاں سے بنگلہ دیش آرہے ہیں۔ برمی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی فصلوں پر قبضہ کرلیا۔ خوراک کی سپلائی کے راستے کاٹ دیئے۔ بھوکے پیاسے مسلمانوں کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔