مستونگ ( نامہ نگار/ این این آئی) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد کالعدم تنظیم کے چھ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ بارودی مواد، اسلحہ اور کوئٹہ کے حساس مقامات کے نقشے برآمد کرکے تنظیم کا کیمپ مسمار کردیا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق کارروائی مستونگ کے نواحی علاقے کانک میں چشمہ دلائی سے ملحقہ پہاڑی علاقے میں کالعدم مذہبی تنظیم داعش کے کیمپ کی موجودگی کیا طلاع پر کی گئی۔سی ٹی ڈی اور حسا س اداروں کے اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد کالعدم تنظیم کے چھ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ جبکہ تنظیم کے کئی مقامی دہشتگرد اور سہولت کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کیمپ سے بارودی مواد، دستی بم، کلاشنکوف، پستول اور کوئٹہ کے مختلف مقامات کے نقشے برآمد کئے گئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائی کا منصوبہ بنارہے تھے۔