پاک فوج نے ایک سال میں چوتھا بھارتی ڈرون مار گرایا

Mar 08, 2018

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا ،ڈرون کو ایل او سی کے چڑی کوٹ سیکٹر میں سرحدی خلاف ورزی پر نشانہ بنایا گیا۔ دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں دہشت گردی کیخلاف ملک میں جاری آپریشنز اور خوشحال بلوچستان پروگرام میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کی طرف سے ایک سال میں یہ بھارت کا چوتھا ڈرون ہے جو سرحدی خلاف ورزیوں پر مار گرایا گیا ہے۔ جدید بھارتی ڈرونز کا یوں پاک فوج کی طرف سے مار گرایا جانا پاک فوج کی دفاعی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایسے ڈرون سرحد پر ہی مار گرائے جاتے ہیں۔ اگر زمین سے ہٹ نہ ہو سکیں تو پاک فضائیہ کے طیارے ایسے شکار اچکنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ مار گرائے جانے والے انڈین ڈرون کا ملبہ پاک فوج نے قبضے میں لے لیا ہے۔ جس کی میڈیا پر تشہیر اور بھارتی فوج کے کرتوت دنیا کو دکھانے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج جہاں سرحدوں پر چوکس ہے وہیں اندرون ملک دہشت گردوں کے ساتھ بھی برسرپیکار ہے۔ بلوچستان میں اسے خصوصی طور پر چیلنجز کا سامنا ہے وہ جہاں خوشحال بلوچستان پروگرام بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ بلوچوں کی محرومیاں اور پسماندگی دور کرنے میں یہ پروگرام بڑا معاون ثابت ہو رہا ہے تاہم پاک فوج کی زیادہ توجہ بھارت کے ایما پر سرگرم علیحدگی پسندوں ، فرقہ پرستوں اور دہشت گردوں کے وجود سے ملک کو پاک کرنے پر ہونی چاہئے۔

مزیدخبریں