قطری سفیرکو جے ایف17تھنڈر کی خصوصیات کے بارے میں بریفنگ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں قطر کے سفیر سکر بن مبارک المنصوری نے بدھ کے روز وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملا قات کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانقطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ہم دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے خاص طور پر DIMDX-18 نمائش میں شرکت کی دعوت دینے پر قطر کے وزیر مملکت برائے دفاع ڈاکٹر خالد العطیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ملا قات کے دوران وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے پاکستان میں قطر کے سفیر سکر بن مبارک المنصوری کو جے ایف17تھنڈر جہاز کی چیدہ چیدہ خصوصیات کے بارے میں بریف کیا۔ وفاقی وزیر نے سفیر کو پاکستان میں تیار کی جانے والی دفاعی مصنوعات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پی او ایف آرڈیننس فیکٹری میں انفنٹری کے آلات ، جنگی ساز و سامان تیار کرنے کی صلاحیت ہے جب کہ ہیوی انڈسٹریز آف ٹیکسلا میں تیار کی گئی سیکورٹی مصنوعات سے قطر کی دفاعی فورسز بھی استفادہ کر سکتی ہیں۔ دونوں اطراف نے دفاعی صنعتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے نومبر 2018ء میں پاکستان میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ءمیں شرکت کی دعوت دی۔
قطر بریفنگ

ای پیپر دی نیشن