کوئٹہ/ ٹانک/ ہنگو/ ہری پور/ پشاور (بیورو رپورٹ + ایجنسیاں) آپریشن رد الفساد کے تحت جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں پاک آرمی کی کارروائیاں ، بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاک آرمی نے گذشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر زیارت، کوہلو، ماونڈ، زئے اور چررگولائے کے علاقوں میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود کی بھاری مقدا ر قبضہ میں لے لی گئی جس میں تین بارودی سرنگیں، مارٹر گولے، راکٹ، یوریا ، ایس ایم جی گن، آر پی جی راکٹس، ڈیٹونیٹرز اور گولہ بارود شامل ہے۔ ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد کالعدم تنظیم کے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ بارودی مواد، اسلحہ اور کوئٹہ کے حساس مقامات کے نقشے برآمد کرکے تنظیم کا کیمپ مسمار کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ دہشت گردوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتاہے جبکہ تنظیم کے کئی مقامی دہشت گرد اور سہولت کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کیمپ سے بارودی مواد، دستی بم، کلاشنکوف، پستول اور کوئٹہ کے مختلف مقامات کے نقشے برآمد کئے گئے۔ ہنگو پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناکر بھاری اسلحہ اور لاکھوں افغان کرنسی برآمد کرکے 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ہری پور سنٹرل جیل میں قیدخطرناک قیدی اور طالبان نے جیل انتظامیہ کے ناروا رویہ کے خلاف جیل میں ہڑتال کر دی ہے اور کھانا کھانے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ قیدیوں کا مطالبہ ہے کہ ان کو دوسرے قیدیوں میں تقسیم ہونے کا والا لنگر کاناقص کھانا بند کرکے کچا سامان فراہم کیا جائے جیل کے اندر قائم پی سی او کی اجازت دوبارہ دی جائے اور جیل کے اندر اور باہر موجود دیگر رشتہ دار سے ایک ہفتہ میں ایک بار ملاقات کی اجازت دی جائے، اگر تین مطالبات نہ مانے گے تو غیر معینہ مدت تک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ حیات آباد فیز 2 پشاور میں گھر کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا۔ پولیس کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ میں 500 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔