کراچی ( اسٹاف رپورٹر) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم اور نکاسی آب کی بہتر فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے، ایم ڈی واٹربورڈ کا عہدہ ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، شہر اور شہریوں کی بہتر خدمت قومی فریضہ سمجھ کر کروں گا ،شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ،اس ضمن میں موثر اور جدید نظام متعارف کرایا جائے گا،ادارہ کی نیک نامی اور استحکام کے علاوہ ملازمین کوکام کا بہترین ماحول فراہم کرنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہوگا ،ان کے مسائل حل اور قواعد کے مطابق حاصل سہولیات فراہم کی جائیں گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد منعقدہ اعلیٰ حکام کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں واٹربورڈ کے تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ،چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز پروجیکٹ ڈائریکٹرز ،ڈائریکٹرز اور دیگر افسران موجود تھے،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ اگر نیت سچی اور عزم پکا ہوتو کوئی مشکل، مشکل نہیں رہتی ، ان کی ترجیحات میں شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم ،فراہمی و نکاسی آب سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازلہ ،ادارہ کا مالی استحکام اور کارکردگی میں بہتری لانا شامل ہے ، انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دلجمعی اور لگن سے کام کریں ،اپنے فرائض عبادت سمجھ کر ادا کریں ، وقت کی پابندی کی جائے ،شکایات مراکزکو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ،شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ نہ کرنے والے افسران اور عملے کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔