راولپنڈی+لاہور(صباح نیوز+خبرنگار)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اطالوی نیول چیف ایڈمرل والٹرنے ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ ایڈمرل والٹرنے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا ۔انہوں نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اطالوی چیف نے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے عزم کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں لاہور سے خبر نگار کے مطابق اٹالین نیوی کے سربراہ ایڈمرل والٹرگیراڈلی نے نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔ ایڈمرل عباسی نے اٹالین نیوی کے سربراہ کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُموراوردو طرفہ بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبے بھی زیرِ غور رہے ۔ ایڈمرل ظفر عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کی بیخ کنی کے آپریشنزمیںپاک بحریہ کی شرکت پر روشنی ڈالی ۔ ایڈمرل والٹر نے خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار و خدمات کو سراہا۔بعد ازاں انہوں نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دورے کے دوسرے مرحلے میں ایڈمرل والٹر کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز کا دورہ کریں گے۔اٹالین نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میںمزید استحکام کا باعث بنے گا۔
آرمی چیف اور سربراہ پاک بحریہ سے اطالوی نیول چیف کی ملاقات
Mar 08, 2018