شہباز شریف کی کرپشن سے پنڈی میٹرو کو 5ارب کا نقصان ہوا: عمران

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) راولپنڈی میٹرو منصوبے کی آڈٹ رپورٹ میں بھاری مالی خسارے کی نشاندہی پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی سائیٹ پر جاری کردہ ایک پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی کرپشن سے راولپنڈی میٹرو کو 5 ارب کا نقصان ہوچکا ہے اس رقم سے شوکت خانم جیسا ایک بہترین ہسپتال بنایا جاسکتا تھا۔ جب بھی میٹرو اور اورنج لائن جیسے منصوبوں کی تحقیقات ہوں گی راز کھل جائے گا۔ خسارہ کرنے والے ان منصوبوں کی تعمیر کا مقصد کمیشن‘ کک بیکس سے تجوریاں بھرنا تھا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی بڑے شہروں میں سوشل میڈیا کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کا پہلا سوشل میڈیا کنونشن 10 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ بڑے شہروں میں سوشل میڈیا کنونشنز کا انعقاد کیا جائے۔ پہلا سوشل میڈیا کنونشن 10 مارچ کو اسلام آباد، دوسرا 17 مارچ کو لاہور، تیسرا 31 مارچ کو کراچی اور 14 اپریل پشاور میں سوشل میڈیا کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ان تمام کنونشنز سے عمران خان خود خطاب کرینگے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف مسلم لیگ (ن)کی ایک اور وکٹ اڑانے میں کامیاب ہو گئی۔ مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے باقاعدہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ (ن) لیگ کے ایم این اے رضا حیات ہراج نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے (ن) لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن)کے گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود اور فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی نثار جٹ بھی پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل اس قسم کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ تاہم رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن