اسلام آباد (نا مہ نگار )اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹ ریفرنس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کو آج طلب کر لیا ہے جبکہ عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت کو14مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے 5گواہان کو طلب کر لیاہے ۔ دوران سماعت استغاثہ کے چار گواہان شاہد محمود، وقارعمر دراز اور حسن ریاض کے بیانات ریکارڈ کیے گئے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تینوں گواہان پر جرح بھی مکمل کرلی ہے،بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنسز کی سماعت کی۔احتساب عدالت نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث نواز شریف کو گھرجانے کی اجازت دے دی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے خلاف پیشی کے لیے پہنچے۔سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ نوازشریف کی طبیعت خراب ہے اس لیے انہیں جانے کی اجازت دی جائے، جس پرعدالت نے اجازت دے دی۔سماعت کے دوران شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ شاہد محمود نے بتایا کہ وہ سرکاری ٹی وی میں بطور پروڈیوسر کرنٹ افیئرز کام کررہے ہیں، انہوں نے وی ٹی آر سے ٹیپ ریکارڈ لے کر نواز شریف کی تقریروں کی ڈی وی ڈیز تیار کرائیں، نواز شریف کے قوم اور قومی اسمبلی سے خطاب کی ویڈیو اور متن نیب کو فراہم کیا۔خواجہ حارث نے نواز شریف کے قومی اسمبلی میں خطاب کو عدالتی کارروائی کا حصہ بنانے پر اعتراض کردیا،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ذاتی مقصد کے لئے قومی اسمبلی کا ایوان استعمال کیا، سماعت میں خواجہ حارث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پر جج محمد بشیر، خواجہ حارث اور سردار مظفر کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا خواجہ حارث نے عدالت میں کہا واجد ضیا نیب اسٹار گواہ ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاہمارے سارے گواہ سٹار ہیں واجد ضیا خواجہ صاحب کے لیے اسٹار گواہ ہوں گے خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی سماعت واجد ضیا کے بیان کے بعد جمعرات تک ملتوی کر دی جائے جج نے خواجہ حارث سے استفسار کیاکل واجد ضیا پر جرح کے لیے آپ پیش ہوں گے ؟ خواجہ حارث نے عدالت کو بتایاکل واجد ضیا پر امجد پرویز جرح کریں گے، گذشتہ سماعت پر یہ طے ہو گیا تھا کہ 8مارچ کو امجد پرویز جرح کریں گے، عدالت نے ریمارکس دیئے کل کا معاملہ کل دیکھیں گے آج کی بات کریں پتہ کریں کہ توسیع کا معاملہ کہاں تک پہنچا ہے اگر توسیع دے دی گئی ہے تو سماعت جمعرات کو کر لیں گے اگر وقت کم ہوا تو سماعت جلدی مقرر کی جائیگی عدالت نے وقفے کے بعد اور سپریم کورٹ کی جانب سے شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کے مدت میں دو ماہ اضافے کا فیصلہ سامنے آنے پر کیس کی مزید سماعت 14مارچ تک ملتوی کر دی اور مذید 5گواہان کو طلب کر لیاجبکہ ایون فلیڈ ریفرنس کی سماعت آج ہو گی اور واجد ضیا عدالت میں پیش ہو کے اپنا بیان قلمبند کروائیں گے ۔معاون وکیل نے عدالت کو بتایاخواجہ حارث کو جرح کی تیاری کے لیے تین سے چار دن کا وقت درکار ہے، جج محمد بشیرنے ریمارکس دیے آپ کی بات مان لیتے ہیں خواجہ صاحب 13تاریخ کو واجد ضیا پر جرح کر لیں۔