لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ شخصیات کو پی ایس ایل فائنل میں مدعو کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیئرمین آئی سی سی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔کراچی میں 17 مارچ کو ہونے والے فائنل کیلئے اعلیٰ شخصیات کو دعوت دی جائیگی۔ وزیر اعظم عمران خان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ،گورنرز ،وفاقی وزراء اور دیگر شخصیات کو بھی بلایا جائے گا۔آئی سی سی کے چیئرمین اور غیرملکی کرکٹ بورڈ ز کے سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوائے جائیں گے۔بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر پی ایس ایل فور کے میچز دیکھنے پاکستان نہیں آئیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے انٹر نیشنل کرکٹ بورڈ کے صدر نے نجی مصروفیت کی بنیاد پر پاکستان آنے سے معذرت کا اظہار کیا ہے تاہم آئی سی سی چیئرمین ڈیوڈ رچرڈسن سمیت دیگر غیرملکی شخصیات پی سی بی کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے سکیورٹی ماہرین پاکستان آکر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ پی ایس ایل فور کے کامیاب انعقاد سے دنیا میں پاکستان کا تصور تبدیل ہوگا، قبل ازیں انہوں نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا،این ایل سی کے کرنل صہیب اور نیشنل سٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان نے ان کو تفصیلی بریفننگ دی۔ بورڈ کے سربراہ نے میڈیا سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مقابلوں کے دوران سپورٹس صحافیوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اس سے قبل پی سی بی نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کیلئے بھارت سمیت تمام آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز کو مدعو کر کیا تھا، کونسل کے بھارتی چیئرمین ششانک منوہر کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق جس وقت دعوت ارسال کی گئی تب جنگ کا ماحول نہیں بنا تھا، موجودہ صورتحال میں بورڈ خود انہیں مدعو کرنے سے گریز کرتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش،آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے کرکٹ سربراہان کو بھی کراچی مدعو کیا ہے، حکام چاہتے ہیں کہ غیرملکی مہمان خود آکر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں، اس سے انھیں ٹیمیں بھیجنے کے فیصلے میں بھی مدد ملے گی۔ آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے سکیورٹی منیجرز کو بھی فائنل دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ 4 فائنل، وزیر اعظم سمیت اعلی شخصیات کومدعو کرنے کا فیصلہ
Mar 08, 2019