اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم کے خطاب پر جوابی ٹویٹ میں کہا ہے کہ جون 2018ء میں پاکستان 24 ہزار 900 ارب روپے کا مقروض تھا۔ جنوری 2019ء میں پاکستان 27 ہزار 930 ارب روپے کا مقروض تھا۔ پی ٹی آئی حکومت نے آٹھ ماہ میں تین ہزار ارب روپے قرض لیا۔ آئندہ تین سال میں موجودہ حکومت‘ مسلم لیگ ن سے زیادہ قرض لے گی۔ وزیراعظم میری باتوں کو جھٹلا کر دکھائیں۔ سابق وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں گردشی قرضوں میں ہر روز ایک ارب 27 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافہ ہورہا ہے، دس ماہ میں مجموعی گردشی قرض ایک ہزار 409 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ حکومت نے پٹرولیم لیوی پر اضافہ واپس لینے پر قوم سے نہ صرف جھوٹ بولا بلکہ حقیقت میں 12.12 روپے فی لیٹر پٹرول اور 13.99 روپے فی لیٹر ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومتی فیصلے پاکستان کے عوام کو بہت مہنگے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے جب اس سال کا بجٹ پیش کیا تھا تو پٹرول اور ڈیزل پر بیس روپے فی لیٹر کی قابل اجازت حد تک اضافے کی تجویز تھی لیکن ہم نے حقیقی لیوی دس روپے فی لیٹر کی حد سے نہیں بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دس روپے سے زائد لیوی نافذ نہیں کی تھی اور پی ٹی آئی نے اس حد کی بھی مخالفت کی تھی لیکن آج قول و فعل کا فرق عوام دیکھ لے۔