ہرشہری اپنے حصے کا ایک پوداضرورلگائے:چودھری محمد اکرم

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے ہر شہری اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے۔ نسلِ نو کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔نوجوان نسل کو شجرکاری کی اہمیت اور اسکے اثرات سے آگہی دینا ضروری ہے۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان قائداعظمؒ ، جوہر ٹائون لاہور میں شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر خصوصی تقریب میں کیا۔ پروگرام کے مہمانان خاص مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور محمد اکرم چودھری اور چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی( پی ایچ اے) انجینئر یاسر گیلانی تھے جبکہ اس موقع پرمعروف ماہر قانون اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سید حمزہ گیلانی، ممتاز دانشور قیوم نظامی، معروف سیاسی رہنما بیگم مہناز رفیع، دفاعی تجزیہ کار کرنل(ر) عبدالرزاق بگتی، اساتذہ کرام ، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات موجود تھے۔ پروگرام کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے کیا تھا جس کے باقاعدہ آغاز پر منیب احمد نے تلاوت جبکہ سرمد شفیق نے نعت رسول مقبولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔میاں فاروق الطاف نے کہا کہ درخت انسانی زندگی کیلئے بے حد ضروری ہیں۔ ماحول کو صاف ستھرا اور خوشگوار بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔درخت اکھاڑنے کے بجائے ان کی پرورش کریں۔ ہر آدمی اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے ۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ بھی ملکی سطح پر چلائی جارہی کلین اینڈ گرین مہم میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔محمد اکرم چودھری نے کہا پاکستان کی نئی نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کروانا ضروری ہے۔ جو قوم اپنی تاریخ کو فراموش کر دے وہ کامیابی کی منازل طے نہیں کر سکتی ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ اس سبق کو بھول جانا ہے جو ہمارے اکابرین نے ہمیں سکھایا تھا۔ زندہ قومیں اپنے اکابرین کے دیے ہوئے سبق کو نہ صرف یاد رکھتیں بلکہ ان پر عمل بھی کرتی ہیں۔ انجینئر یاسر گیلانی نے کہا کہ بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں ۔ اپنی تاریخ سے وابستہ رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی اور ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ نئی نسل تحریک پاکستان اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات کا بغور مطالعہ کرے۔ تحریک آزادی کے رہنما اعلیٰ کردار کے حامل لوگ تھے جو حق بات پر ڈٹ جایا کرتے تھے۔ ہمیں قائداعظمؒ کی شخصیت کے روشن پہلوئوں کو اجاگر کرنا اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ایوان قائداعظمؒ میں لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گا ۔شاہد رشید نے کہا کہ ہم ایوان قائداعظمؒ سے شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں ۔ یہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے خوابوں کی تعبیر ہے اور یہاں سے افکار قائداعظمؒ کی خوشبو چہار سو پھیلے گی۔

ای پیپر دی نیشن