ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) سٹیج چھوڑنے سے انکار پر خاوند نے اداکارہ بیوی کو سٹیج پر قتل کر کے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔ فائرنگ سے تھیٹر میں بھگدڑ‘ ہنگامہ آرائی‘ انتظامیہ نے تھیٹر سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 12بج کر40 منٹ پر فرینڈز تھیٹر کے سٹیج پر مقتولہ فرح روپ چوہدری ڈرامہ کی ہیر وئن کی بہن کومل ڈانس کر رہی تھی کہ سٹیج کے پر دہ کے پیچھے فرح روپ اور اسکے خاوند ہاشم علی کے در میان تھیٹر کی زندگی ترک کر نے کے مسئلہ پر جھگڑا ہو گیا۔ فرح روپ کے انکار پر ہاشم علی مشتعل ہو گیا اور پسٹل لا کر فرح روپ کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ فرح روپ کو ریسکیو1122نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شفٹ کیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا کر ایمر جنسی میں ہی دم توڑ گئی۔ تھیٹر انتظامیہ نے امن عامہ کا مسئلہ بڑھنے کے سبب تھیٹر سیل کر دیا۔ پولیس غلہ منڈی نے مقتولہ کی بہن عشرت کی مدعیت میں مقتولہ کے خاوند ہاشم علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور دونوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیا۔ ورثاء دونوں نعشوں کو لیکر چیمہ ٹائون بہاولپور روانہ ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال نے اس واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔