کراچی (این این آئی)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے ترک بحریہ کے ساتھ خیر سگالی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترکی کی بندرگاہ گلچک کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے اہم حکام سے ملاقات کی اور اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کو اجاگر کیا۔ بندرگاہ آمد پر ترکی کے حکام کی جانب سے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے سینئر نیول فلیٹ کمانڈرز اور گلچک شہر کے میئر سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم ترکی کی عوام اور بالخصوص ترک بحریہ کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک بحریہ کی قربانیوں اور سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔