لاہور(نیوزرپورٹر/ لیڈی رپورٹر) میٹرو بس لاہور کی ٹکٹ مشینیں خراب ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل نے قرار داد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ چار مقامات شاہدرہ، قرطبہ چوک، سول سیکرٹریٹ اور شمع چوک میں مشینیں خراب ہونے سے مسافروں کو فرضی ٹکٹس جاری کیے جارہے ہیں مشینیں درست کرائی جائیں۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی رکن رابعہ فاروقی نے تحریک التواء کار جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کرونا وائرس کے باعث اورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے والی غیر ملکی کمپنی کی انتظامیہ تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکی، اورنج ٹرین کے ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی میں شدید مشکلات پیدا ہو گئیں، حالات ایسے ہی رہے تو منصوبہ کے مزید تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناء چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے تحریک التواء کار جمع کرا دی جس کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے انسپکشن مہم کے دوران گزشتہ روز پانچ ہسپتالوں کے دس آپریشن تھیٹرز صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات پر بند کر دیئے۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور نے ایک توجہ دلائو نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ لاہور کے علاقہ وحدت کالونی کی اکیڈمی میں نوجوان کی لاش واش رورم سے برآمد ہوئی؟ اس کیس کی اب تک کیا تحقیقات ہوئی ہیں اور کیا حقائق سامنے آئے؟ ایوان کو مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جائے؟ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کی رکن صادقہ صاحبداد خان نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان، ایوان اقبال لاہور میں بزرگوں اور خواتین کیلئے ضروری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے فوری انتظامات کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، بزرگوں اور خواتین کیلئے بالخصوص گرمیوں میں ٹھنڈے پانی اور سائے دار جگہ پر بیٹھنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔