اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے عورت مارچ میں شامل خواتین وہ حقوق مانگ رہی ہیں جن کی ضمانت آئین اور اسلام نے دی ہے، محنت کش عورتوں کو سلام جو اپنے کام سے ملک کی معیشت کا پہیہ چلا رہی ہیں۔ خواتین تحریک میں شامل نئی نسل جو مطالبات کر رہی ہے وہ جدید دنیا کیلئے بہت ضروری ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا عورتوں کے عالمی دن پر پاکستان کی ہر عورت کو سلام پیش کرتی ہوں۔ بینظیر بھٹو شہید، فاطمہ جناح اور ملک کی محنت کش عورتوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں انہوں نے کہا جلسوں اور عورت مارچ میں شامل شرکا کو سیکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کی بات سننی چاہیے۔ ان پر تنقید کرنے اور نظرانداز کرنے سے ایک خلا پیدا ہوگا۔ شیری رحمان نے کہا کہ عورت مارچ جبر، کم عمری کی شادیاں، غیرت کے نام پر قتل، گھریلو تشدد کے خلاف ہو رہا ہے۔ یہ مارچ جنسی حراساں کرنے اور ملازمت کی جگہ پر تشدد کے خلاف ہے۔ عورت مارچ معاشی امتیاز، معاشرتی ناانصافی کے خلاف اور عورتوں کی صحت اور تعلیم تک رسائی کے حق کے لیے ہو رہا ہے۔ اچھا ہوگا ان معاملات پر کھلی فضا میں تمیز اور اخلاق کے دائرے میں بحث کی جائے۔
عورت مارچ معاشی امتیاز، معاشرتی ناانصافی کیخلاف ہو رہا ہے: شیری رحمن
Mar 08, 2020