اشیاء پر زیادہ منافع کمانا حرام ہے: مولانا فضل الرحمن بن محمد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد نے جامع مسجد محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص اسلام کے تجارتی اصولوں کے مطابق اﷲ تعالیٰ کی مخلوق کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرے گا وہ اپنے رزق کو خراب اور اپنی آخرت کو برباد کرتا ہے مزید یہ کہ اسلامی معاشرے میں ہر مسلمان اپنے مسلمان بھائی کا خیرخواہ اور ہمدرد ہونا چاہئے اس کی کسی مجبوری سے فائدہ نہ اٹھائے اور اس کے مال کو ہتھیانے کے لئے غیر اسلامی حربے استعمال نہ کرے مثلاً جس چیز کی قلت پیدا ہو جائے تو اسے ذخیرہ کرے اور پھر زیادہ منافع لے کر اسے فروخت کرے یہ منافع حرام کے زمرے میں آتا ہے۔ وہ جب بھی ایسا قدم اٹھانے لگے تو ذہن میں یہ بات لائے کہ کیا وہ خود یہ پسند کرتا ہے کہ کوئی دوسرا اس کے ساتھ ایسا برتاؤ کرے گا تو اسے کیسا لگے گا۔ اسلام مسلمان کو صاف ستھری کھلی تجارت کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ امین اور سچے تاجر کو نبیوں‘ صدیقوں اور شہداء کے ساتھ اٹھانے کی بشارت دیتا ہے۔ مخلوق اﷲ تعالیٰ کا کنبہ ہے پس مخلوق میں بہترین وہ ہے جو اﷲ تعالیٰ کے کنبے کے ساتھ صلہ رحمی اور انصاف و احسان کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن