لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان اور کراچی کنگز کے بلے باز بابر اعظم نے اسلام آباد میں ڈائمنڈ کرکٹ کلب کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں میں گھل مل گئے ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ٹپس دیں اور حوصلے بلند رکھنے کی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھواور جیت کے حوصلے بلند رکھو ۔ آپ ہی پاکستان کے مستقبل کے سٹارز ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کو اسلام آباد ریجن اور اس کے صدر شکیل شیخ نے کیسے ڈومیسٹک کرکٹ میں پلیٹ فارم مہیا کیا ۔ میں بھی اسلام آباد میں اعلیٰ درجے کی کرکٹ کھیلنے آیا تھا ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ کی پچ پاکستان کی بہترین پچوں میں سے ایک ہے ۔ میں نے یہاں تین سال گزارے اور اللہ کے کرم سے آج وہاں ہوں جہاں کیلئے لوگ خواب دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے جونیئرز کرکٹرز کو ہدایت کی کہ ہمیشہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں ۔ آپ اچھا کھیل پیش کریںگے تو چند سال میں دنیا آپ کی ہوگی ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ بہترین اکیڈمی ہے ۔یہاں کئی کھلاڑی قومی سٹارز بنے ہیں اور آج کل وہ پروفیشنل کھلاڑی ہیں ۔ مجھے اسلام آباد ریجن نے اس وقت کھیلنے کیلئے موقع دیا جب اپنا ریجن لاہور نظر انداز کر رہا تھا۔ محنت کی اور آج اس مقام پر کھڑ اہوں ‘کبھی حوصلہ نہیں ہارنا اور محنت نہیں چھوڑنی ایک دن ضرور کامیابی حاصل کرو گے ۔