ترک صدر رجب طیب ایرودآن نے اپنے ملک کے ساحلی محافظوں کو غیر ملکی تارکینِ وطن کو بحیرہ ایجئین کو عبور کرنے سے روکنے کا حکم دیا ہے اورکہاہے کہ سمندری سفر کے دوران میں تارکینِ وطن کی جانوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ترجمان ترک کوسٹ گارڈنے بتایاکہ صدر کے احکامات کے تحت تارکینِ وطن کو بحیرہ ایجئین عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ خطرناک ہے۔ترک صدر کے اس حکم سے ایک روز قبل ہی یورپی یونین نے جمعہ کو ترکی کے سرحدی علاقے میں موجود تارکین وطن سے کہا تھا کہ وہ یونان کی حدود میں داخل ہونے سے گریز کریں لیکن اس نے ترکی کو تارکینِ وطن کے لیے مزید امداد دینے کا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے۔یونان کے سرحدی علاقے میں پولیس اور تارکینِ وطن کے درمیان جاری کشیدگی دوسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔