انٹارکٹکا کا بڑا گلیشیئر پگھل رہا ہے، پائن آئی لینڈگلیشیئر (پی آئی جی) کا حجم ایک لاکھ ساٹھ ہزار مربع فٹ یعنی برطانیہ کے کل رقبہ سے تین گنا زیادہ ہے۔ سائنسدانوں نے کہا ہے کہ انٹارکٹکا کے بہت بڑے پائن آئی لینڈگلیشیئر میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ نیچر کلائمیٹ چینج (این سی سی) نامی جرنل کی رپورٹ کے مطابق اگر اس خطے میں سردی میں بے پناہ اضافہ بھی ہو جائے تو پھر بھی گلیشیئر میں کمی ہونا ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پائن آئی لینڈگلیشیئر کے پگھلنے کی وجہ سے سمندر کی سطح میں اضافہ ہو گا اور گلیشیئر کے پگھلنے کے باعث آئندہ 20 سال میں سمندر کی سطح 3.5 تا 10 ملی میٹر تک بڑھ جائے گی۔ پی آئی جی کا حجم ایک لاکھ 60 ہزار مربع فٹ یعنی برطانیہ کے کل رقبے سے تین گنا بڑا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق گلیشیئر میں کمی درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث نہیں ہو رہی بلکہ زیرِ سمندر گرم لہروں کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ زیر سمندر یہ گرم لہریں گلیشیئر کے اس حصے کو کاٹ رہی ہیں جو زیر آب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹارکٹکا کے جس حصے میں پی آئی جی اور دیگر بڑے گلیشیئر موجود ہیں وہاں پر سالانہ 1.5 سوکیوبک کلومیٹر برف سمندر میں جا رہی ہے۔