اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمشن نے سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی سے ثبوت مانگ لئے۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی کو ثبوت ویجیلنس کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایم پے اے عبدالسلام آفریدی نے کہا کہ الیکشن کمشن نے ثبوت مانگے ہیں، میرے پاس چیٹ ریکارڈ موجود ہے الیکشن کمشن کو دے دوں گا۔ عبدالسلام آفریدی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ووٹ کے بدلے 8 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی۔ عبدالسلام آفریدی نے کہا ہے کہ انکوائری اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے۔
سینٹ انتخابات میں خریدو فروخت‘ پی ٹی آئی رکن اسمبلی سے ثبوت طلب
Mar 08, 2021