کلرسیداں(نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد ریاض نے کہا ہے کہ میں نے جیل کی صعوبتیں برداشت کرلیں مگر اپنے علاقہ کی مٹی پر بے وفائی کا دھبہ نہیں لگنے دیا کل کی طرح آج بھی نواز شریف اور ان کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تل خالصہ کے چالیس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس میں چوہدری ابرا حسین،راجہ ضمیر الرحمان ، راجہ تنویر،ملک عابد،حاجی عبدالحمید کمبی،ماسٹر وحید ،چوہدری ظہیر،سید افتخار حسین شاہ،الحاج خالد رضا ،چوہدری توقیر اسلم بھی شامل تھے،چوہدری محمد ریا ض نے کہا کہ نوازشریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا میٹروز موٹرویز اور بجلی کے کارخانہ لگا کر ملکی معیشت کی سمت درست کی ملک کی یہ ترقی کچھ قوتوں سے ہضم نہیں ہو رہی تھی جنہوں نے اپنے ایجنڈوں کے ذریعے ملک میں نااہل لوگوں کو مسلط کر کے ترقی کے پہیئے کو روک دیا،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہی جن ارکان اسمبلی نے سینٹ میں پارٹی امیدوار کو شکست دی انہی کی ووٹوں سے عمران خان نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے اتراتے پھر رہے ہیں مگر یہ ایک ٹھوس حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اب عمران خان کے کنٹرول میں نہیں رہے ہیں عمران خان دوسروں کے ساتھی توڑ کر کہتے تھے کہ ایک اور وکٹ گر گئی اب ان کی وکٹیں گرتی ہیں تو یہ کرپشن کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔