ملتان (نیوز رپورٹر)جنوبی پنجاب لوک ورثہ میلے میں وسیب کے دستکاروں کی بھرپور پذیرائی کی جائے گی۔دستکاروں کی دستار بندی اور چادر پوشی ہو گی اور انہیں ایوارڈ اور چیک دئے جائیں گے۔ یہ بات ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عمارہ منظور نے لوک ورثہ میلہ کے پروگراموں بارے بریفنگ کے دوران بتائی۔انہوں نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کے اسٹیڈیم ایرینا میں 3 پویلین قائم کئے جائیں گے۔یہ پولین ملتان،ڈی جی خان اور چولستان کی ثقافت کے آئینہ دار ہونگے۔جنوبی پنجاب کی تمام ہینڈی کرافٹس کی نمائش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کی دستکاری کو پوری دنیا میں مانا اور پہچانا جاتا ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی حکومت میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے دستکاروں کی حوصلہ افزائی کا قدم اٹھایا جارہا ہے اور ضعیف العمر مرد دستکاروں کی دستار بندی اور خواتین کی چادر پوشی کی جائے گی جبکہ دستکاروں کو ایوارڈ کے علاوہ بلاسود قرضوں کے چیک بھی دئے جائیں گے۔عمارہ منظور نے بتایا کہ میلے میں سرائیکی، چولستانی، بلوچی،پنجابی، پشتو کا روائتی رقص پیش کیا جائے گا۔درویش صوفی رقص بھی میلے کا حصہ ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ صوفی نائٹ میں صنم ماروی کی شرکت طے پا گئی ہے،فوک موسیقی کی محفل جمانے کے لئے معروف فوک سنگر ندیم عباس لونے والا کو دعوت دی گئی ہے جبکہ معرف کافی گائیک پٹھانے خان کے نواسے بھی میلے میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
لوک ورثہ میلے میں وسیب کے دستکاروں کی پذیرائی کی جائیگی،عمارہ منظور
Mar 08, 2021