سجاول (نامہ نگار)سندھ کے نوجوان اساتذہ نے محکمہ تعلیم کی نئی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اسے اساتذہ دشمن پالیسی قرار دے دیا ہے۔ سجاول میں آل ینگ پرائمری ٹیچرز پروموشن ورکنگ کمیٹی کی جانب سے ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوان اساتذہ پروموشن ورکنگ کمیٹی کے رہنماؤں اور ارکان محبوب شاہ، محمد امین سروان، پریل گھوٹو، خالد میمن، امیر شاہ، ساجد بارن، کامران خواجہ اور دیگر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے متعارف کروائی گئی 2021 کی نئی پالیسی کے مطابق پرائمری استاد ساری عمر پرائمری استاد ہی رہے گا اور اسے جے ای ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی تک پروموشن نہیں دیا جائے گا جو کہ پرائمری اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ہی نائب قاصد کو ترقی دے کر آفس سپرٹنڈنٹ مقرر کیا جاتا ہے، جے ای ایس ٹی کو ترقی دے کر ایچ ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی کو ترقی دے کر ایس ایس ٹی اور ایچ ایم ہیڈ ماسٹر مقرر کرنے کی پالیسی بحال رکھی گئی ہے صرف پرائمری کیڈر میں ترقی کے دروازے بند کرنا زیادتی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر احتجاج بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اگر اپنا یہ استاد دشمن فیصلہ واپس نہیں لیا تو ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس اور پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دیں گے۔
کیڈر میں ترقی کے دروازے بند کرنے پر پرائمری اساتذہ برہم
Mar 08, 2021