مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ غیر آئینی‘ اپوزیشن 2023ء کا انتظار کرے: گورنر سرور

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مڈٹرم انتخابات کے اپوزیشن کے مطالبے کو غیرآئینی قراردیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن غیرآئینی اور غیر جمہوری مطالبات کر نے کی بجائے الیکشن2023ء کا انتظار کر ے کیونکہ قومی اسمبلی وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہارکر چکی ہے اور عوام بھی تحریک انصاف کی حکومت کیساتھ کھڑے ہیں۔ اتوار کے روز گورنر ہاؤس میں وائس چیئر مین وزیر اعلیٰ شکایت سیل ناصر سلمان اور حاجی محمد رمضان پرویز سمیت دیگر کی قیادت میں آنیوالے وفود سے ملاقات میں گفتگوکے دوران  چوہدری سرور نے کہا کہ سیاسی مخالفین پہلے بھی اپنے تمام عزائم میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن کو ضد 'احتجاجی مارچ اور دھرنوں کی دھمکیوں کی سیاست کو چھوڑ دینا چاہیے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ 26مارچ سے اپوزیشن اگر لانگ مارچ کر نا چاہتی ہے تو وہ اسکا آئینی اور جمہوری حق ہے مگر حکومت کسی ایسے لانگ مارچ اور احتجاج سے جانیوالی نہیں۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افواج پاکستان کو خر اج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی ترقی امن واستحکام کے دشمن ہیں۔ ان کیخلاف حکومت اور سکیورٹی فورسز سمیت 22کروڑ پاکستانی متحد کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن