اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بہاولپور کور کے زیر اہتمام پاک فوج کی ٹریننگ مشقوں کے دوران مقامی سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے500سے زائد طلباء و طالبات اور اساتذہ نے ایک دن چولستان میں بہاولپور کور کے ساتھ گزارا۔ ائٓی ایس پی آر کے مطابق اس ایک روزہ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو پاک فوج کی دفاعی ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ ’’ایک دن فوج کے ساتھ‘‘ پروگرام کے آغاز میں طلباء کو پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت سے متعلق ایک عملی مظاہرہ دکھایا گیا۔ طلباء نے ٹینک اور اے پی سی کی سواری کی اور پاک فوج کے زیرِ استعمال اسلحہ اور جنگی آلات کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ طلباء نے ملٹی بیرل راکٹ لانچر کا فائر دیکھا جس کے دوران PAF کے جنگی طیاروں نے بھی حملے کا مظاہرہ کیا۔ جس کو دیکھ کر طلباء کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا۔ اس موقع پر طلباء نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بلند جذبے کی تعریف کرتے ہوئے ملکی سالمیت و استحکام کیلئے ہر محاذ پر پاک فوج کے عزم و ایثار کو بے حد سراہا اور فخر کا اظہار کیا۔ آخر میں طلباء نے کور کمانڈر بہاولپور سے ملاقات کی اور پاک آرمی کی پیشہ ورانہ قابلیت کی بے حد تعریف کی۔